کراچی (اسٹاف رپورٹر) — اجمیر نگری پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کے الیکٹرک صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، بجلی کے نرخ میں 7 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی (PPM, PSP) کے مطابق، گرفتار ملزمان کی شناخت معراج اور بلال کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا گیا قیمتی کیمرا اور موبائل فون برآمد کرلیا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم معراج ماضی میں بھی دو مرتبہ گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے، جبکہ دونوں ملزمان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق، 4 اکتوبر کو نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود میں ملزمان نے شہری سید محسن سے گھر کی دہلیز پر لوٹ مار کی تھی۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی، جس میں دونوں ملزمان کو واردات کے بعد فائرنگ کرتے اور فرار ہوتے دیکھا گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان کو ٹیکنیکل بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے، اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔