کراچی: معروف اداکار یاسر حسین نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کبیر حسین کی بہتر تربیت اور صحت مند ماحول میں پرورش کے لیے کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں واقع اپنی رہائش چھوڑ کر کسی دوسرے علاقے میں منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔
یاسر حسین نے حال ہی میں زارا نور عباس کے یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بیٹا کبیر کھیلوں کا شوقین ہے اور زیادہ وقت باہر کھیلنے میں گزارتا ہے، جب کہ آج کل کے زیادہ تر بچے موبائل فون اور گیمنگ میں مصروف رہتے ہیں۔
اداکار کے مطابق، ڈیفنس میں بچوں کے درمیان گلی محلوں میں کھیلنے کا رجحان کم ہے، اسی وجہ سے انہوں نے وہاں سے منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تاکہ کبیر ایسے ماحول میں پروان چڑھے جس میں دوستی، کھیل اور سماجی تعلقات زیادہ مضبوط ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ اب کبیر محلے کے دیگر بچوں کے ساتھ کھیلتا ہے، اس کے کئی دوست بن گئے ہیں اور وہ روزانہ شام کو کھیل کر پسینے میں شرابور ہو کر گھر آتا ہے، جو اس کی صحتمند سرگرمیوں کی علامت ہے۔
یاسر حسین نے مزید کہا کہ بچوں کی تربیت میں والدین کا کردار سب سے اہم ہے — ’’جو تعلیم والدین دے سکتے ہیں، وہ کوئی اسکول یا استاد نہیں دے سکتا۔‘‘
واضح رہے کہ یاسر حسین اور اقرا عزیز نے دسمبر 2018 میں شادی کی تھی، اور جولائی 2021 میں ان کے ہاں بیٹے کبیر حسین کی پیدائش ہوئی۔ دونوں کا شمار شوبز کی مقبول جوڑیوں میں ہوتا ہے۔