ویمنز ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 107 رنز سے شکست دے دی

56 / 100 SEO Score

کولمبو: آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے نویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ آسٹریلوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 221 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ٹویوٹا انڈس موٹر کا بڑا فیصلہ: پاکستان میں استعمال شدہ گاڑیوں کی تجارتی درآمد پر غور

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹرز مکمل طور پر ناکام رہیں۔ اوپنرز صدف شمس اور منیبہ صرف 5 اور 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ اسٹار بیٹر سدرہ امین نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے، لیکن دوسرے اینڈ سے کسی کھلاڑی نے ساتھ نہ دیا۔ کپتان فاطمہ ثنا 11، ڈیانا بیگ 7 اور نشرح سندھو 11 رنز بنا سکیں جبکہ نٹالیا پرویز اور ایمن فاطمہ بالترتیب ایک اور صفر پر آؤٹ ہوئیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے کم گریتھ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، میگن شٹ نے 2 جبکہ ایلینا کنگ، انابیل سیدرلینڈ، ایشلی گارڈنر اور جارجیا ریہم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں کامیاب ثابت ہوا۔ پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ سے آسٹریلیا کے 76 رنز پر 7 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم 100 رنز بھی مکمل نہیں کر پائے گی۔

تاہم بیتھ مونی اور ایلینا کنگ نے شاندار پارٹنرشپ بنا کر میچ کا نقشہ بدل دیا۔ بیتھ مونی نے 114 گیندوں پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ ایلینا کنگ نے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 51 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے نشرح سندھو نے 3 وکٹیں، فاطمہ ثنا اور رامین شمیم نے 2، 2 جبکہ ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بیتھ مونی کو میچ وننگ سینچری بنانے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں مسلسل تیسری شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود ہے۔ قومی ٹیم اپنا اگلا میچ 15 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے