راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ گرانے میں ناکام رہا، پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں۔
غیر ملکی جریدے ’بلومبرگ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اعداد و شمار اور حقائق کو شفاف رکھا ہے، ہم ہر قسم کی ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے تیار ہیں چاہے وہ خود ساختہ ہو، مشرقی ہو یا مغربی۔
انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج کے ہتھیاروں اور چینی پلیٹ فارمز نے بھرپور کارکردگی دکھائی، چینی ہتھیار توقعات پر پورے اترے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں تصدیق کی تھی کہ اس معرکہ میں بھارت کے 7 طیارے مار گرائے گئے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ نے چینی ساختہ جے-10 سی طیاروں اور پی ایل-15 میزائل کا کامیاب استعمال کرتے ہوئے بھارتی جنگی جہاز تباہ کیے۔
مزید بتایا گیا کہ اگست میں پاکستان نے چینی ساختہ زیڈ-10 ایم ای حملہ آور ہیلی کاپٹر شامل کرنے کا اعلان بھی کیا تھا، جبکہ امریکی ایف-16 طیارے بھی پاکستان کے فضائی بیڑے کا حصہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے کامیاب آپریشن کے بعد امریکی فوج نے اپنی فضائی برتری برقرار رکھنے کے لیے جدید میزائل پروگرام کی فنڈنگ تیز کر دی ہے۔ امریکی فضائیہ اور بحریہ نے لاک ہیڈ مارٹن کے خفیہ اے آئی ایم-260 میزائل کی تیاری کے لیے اربوں ڈالر کی فنڈنگ مانگی ہے۔