ممبئی: بالی وڈ اداکارہ رشمیکا مندانا اور اداکار وجے دیوراکونڈا نے طویل عرصے کی قیاس آرائیوں کے بعد بالآخر خاموشی کے ساتھ منگنی کرلی۔
پنجاب میں ممکنہ سیلاب، حکومت کی فی ایکڑ 20 ہزار روپے امداد کی منظوری
انڈیا ٹوڈے کے مطابق دونوں نے 3 اکتوبر کو حیدرآباد میں ایک نجی تقریب میں انگوٹھیاں تبدیل کیں، جس میں صرف قریبی رشتہ دار شریک ہوئے۔ منگنی کی سادہ تقریب وجے دیوراکونڈا کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جسے جان بوجھ کر کم پروفائل رکھا گیا۔
ٹائمز آف انڈیا نے تصدیق کی ہے کہ وجے دیوراکونڈا کی ٹیم نے منگنی کی خبر کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے، تاہم رشمیکا مندانا کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
منگنی کی اطلاع سامنے آتے ہی مداحوں اور فلمی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، خاص طور پر اس لیے کہ دونوں کی آن اسکرین کیمسٹری فلم گیتا گووندم کے بعد سے ہی مداحوں کے درمیان گفتگو کا مرکز بنی ہوئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق رشمیکا اور وجے کے درمیان تعلقات کا آغاز 2017 میں ہوا تھا، جب اداکارہ نے رکشیت شیٹی سے منگنی ختم کی۔ اس کے بعد فلم گیتا گووندم کے دوران دونوں کے درمیان قربت بڑھی اور وقت کے ساتھ ان کے تعلقات کی خبریں میڈیا میں گردش کرتی رہیں، تاہم دونوں نے اپنی نجی زندگی کو ہمیشہ خفیہ رکھا۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق رشمیکا اور وجے دیوراکونڈا کی شادی فروری 2026 میں متوقع ہے، جو ممکنہ طور پر ان کی آئندہ مشترکہ فلم کی ریلیز کے موقع پر رکھی جائے گی۔
اداکاری کے محاذ پر رشمیکا مندانا اپنی نئی فلم تھمّا کی ریلیز میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ آیوشمان کھرانہ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم 21 اکتوبر کو ریلیز ہوگی۔ دوسری جانب وجے دیوراکونڈا اپنی فلم دی گرل فرینڈ میں نظر آئیں گے، جو 7 نومبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔