کراچی (شوبز ڈیسک) — اداکار فیروز خان نے اپنی دوسری اہلیہ ڈاکٹر زینب سے متعلق انسٹاگرام پر شیئر کی گئی متنازع اسٹوری کے بعد وضاحت دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا۔
پاکستان کو جونیئر ہاکی ورلڈکپ 2025 میں شرکت کی دعوت، فیصلہ حکومت کی ہدایت پر ہوگا
گزشتہ روز فیروز خان کے اکاؤنٹ سے ایک اسٹوری شیئر کی گئی جس میں انہوں نے اپنی اہلیہ کو ٹیگ کرتے ہوئے سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے۔ اسٹوری میں دعویٰ کیا گیا کہ انہیں زبردستی اور دباؤ ڈال کر اس رشتے میں رکھا گیا، اور ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اپنی والدہ اور بچوں کا ساتھ نہ دیں ورنہ ان پر جھوٹے الزامات لگائے جائیں گے۔
اس پوسٹ میں اداکار نے اہلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی لکھا تھا کہ "گھر واپس مت آنا، شکریہ”۔ ساتھ ہی انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ ماہرِ نفسیات کے علاج کے زیرِ اثر ہیں اور دوائیاں بھی استعمال کر رہے ہیں، تاہم کچھ لوگ انہیں ان کے چاہنے والوں کی نظروں میں برا ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ اسٹوری کچھ ہی دیر بعد ڈیلیٹ کردی گئی لیکن اس کے اسکرین شاٹس تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے اور مداحوں میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔ بعدازاں فیروز خان نے اپنے اکاؤنٹ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کا انسٹاگرام ہیک کرلیا گیا تھا۔
اداکار کی وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر بحث کا سلسلہ جاری ہے اور مداح یہ جاننے کے لیے بے چین ہیں کہ آیا یہ واقعی ہیکنگ کا معاملہ ہے یا کچھ اور۔
واضح رہے کہ فیروز خان نے جون 2024 میں ماہرِ نفسیات ڈاکٹر زینب سے شادی کی تھی، جب کہ اس سے قبل ان کی پہلی شادی علیزے سلطان سے ہوئی تھی جو 2022 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔ علیزے نے فیروز خان پر گھریلو تشدد کے سنگین الزامات بھی عائد کیے تھے۔