کراچی (اسپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کو پاکستانی نژاد عمانی کھلاڑی عامر کلیم سے گلے ملنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے اور ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ گل رحمٰن عرف استاد مرید افغانستان میں ہلاک
19 ستمبر کو یو اے ای میں کھیلے گئے ایشیا کپ میچ میں بھارت نے عمان کو شکست دی، تاہم میچ کے اختتام پر سوریا کمار یادیو نے عامر کلیم کو گلے لگایا، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ عمانی ٹیم میں پاکستانی اور بھارتی نژاد کھلاڑی شامل ہیں، لیکن بھارتی کپتان کے اس عمل کو ہندو انتہا پسند حلقوں نے ’’غداری‘‘ قرار دیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ سوریا کمار کے اس اقدام سے ’پہلگام‘ واقعے کے متاثرہ خاندانوں کو دکھ پہنچا ہوگا۔ کئی صارفین نے مطالبہ کیا کہ بھارتی عوام سوریا کمار کا بائیکاٹ کریں۔
یہ بھی یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے بھی گریز کیا تھا، حالانکہ کرکٹ قوانین کے مطابق دونوں ٹیموں کو میچ کے بعد ایک دوسرے سے ہاتھ ملانا ہوتا ہے۔
مزید برآں سوریا کمار یادیو پر پاکستانی مداحوں کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر بھی تنقید کی جا رہی ہے اور انہیں ’’غدار‘‘ قرار دیا جا رہا ہے۔