ابو ظبی — ایشیا کپ 2025 کے گروپ بی کے فیصلہ کن میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں رسائی حاصل کرلی، جبکہ افغان ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ صرف 71 رنز پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے، تاہم محمد نبی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 60 رنز اسکور کیے، جن میں 6 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ کپتان راشد خان نے 23 گیندوں پر 24 رنز بنائے جبکہ ابراہیم زدران بھی 24 رنز بنا سکے۔ یوں افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے نوان تُشارا نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دشمانتھا چمیرا، دونِتھ ویلا لاگے اور داسن شناکا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنا لیے۔ کوشل مینڈس نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے شامل تھے۔ کوشل پریرا نے 28 اور کامندو مینڈس نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمٰن، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی اور نور احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
افغانستان کو سپر فور تک پہنچنے کے لیے یہ میچ لازمی جیتنا تھا، لیکن شکست کے بعد سری لنکا اور بنگلہ دیش نے گروپ بی سے سپر فور میں جگہ بنالی۔
دوسری جانب، گروپ اے سے پاکستان اور بھارت پہلے ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکے ہیں، بھارت کل اومان کے خلاف اپنا آخری گروپ میچ کھیلے گا۔