اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سعودی وفد کے سربراہ شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کی۔ اجلاس میں پاکستان کی جانب سے وفاقی وزرا، حکومتی اداروں کے نمائندے اور نجی شعبے کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
کراچی میں فائر سیفٹی کا بحران، 80 فیصد عمارتیں غیر محفوظ قرار
اعلامیے کے مطابق اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے حکام نے وزارتِ تجارت کے تعاون سے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس دوران سعودی وفد نے پاکستان کی نمایاں کمپنیوں کے عہدیداران سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر غور کیا گیا۔
سعودی کاروباری شخصیات پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد پانچ روزہ دورے پر پاکستان آیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ دورہ نہ صرف سعودی وژن 2030 بلکہ پاکستان کے سرمایہ کاری فروغ پروگرام کے لیے بھی ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔