امریکا میں حکومتی شٹ ڈاؤن، فضائی سفر و تحقیق معطل، لاکھوں ملازمین تنخواہوں سے محروم

58 / 100 SEO Score

واشنگٹن (رائٹرز/مانیٹرنگ ڈیسک) — امریکا میں حکومتی شٹ ڈاؤن کے باعث فضائی سفر متاثر اور سائنسی تحقیق معطل ہوگئی ہے، جب کہ اہم محکموں کے بند ہونے سے امریکی فوجیوں اور لاکھوں وفاقی ملازمین کی تنخواہیں روک لی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق 7 لاکھ 50 ہزار سرکاری ملازمین کو تنخواہ کے بغیر جبری رخصت پر بھیج دیا گیا ہے، اور ہر روز تقریباً 40 کروڑ ڈالر کا معاشی نقصان ہورہا ہے۔

کراچی کے تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لیے خصوصی ’کیمپس سیکیورٹی فورس‘ قائم

شٹ ڈاؤن کی زد میں آنے والے پروگراموں میں نیویارک کے ٹرانزٹ منصوبے (18 ارب ڈالر) اور 16 ڈیموکریٹک ریاستوں میں گرین انرجی منصوبے (8 ارب ڈالر) شامل ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کو سیاسی نشانہ بناتے ہوئے 26 ارب ڈالر کے فنڈز منجمد کر دیے۔ نائب صدر جے ڈی وینس نے خبردار کیا ہے کہ اگر شٹ ڈاؤن طویل ہوا تو انتظامیہ بڑے پیمانے پر ملازمین کو مستقل طور پر فارغ کرسکتی ہے۔

یہ 1981 کے بعد امریکا میں 15واں شٹ ڈاؤن ہے، جس نے مالی نگرانی، ماحولیاتی صفائی، اور دیگر کئی سرکاری سرگرمیوں کو روک دیا ہے۔ فوجی اور بارڈر سیکیورٹی اہلکار تنخواہوں کے بغیر فرائض انجام دے رہے ہیں، جب کہ ویٹرنز افیئرز نے اعلان کیا ہے کہ قومی قبرستانوں میں تدفین تو جاری رہے گی مگر کتبے نصب نہیں ہوں گے اور نہ ہی گھاس کاٹی جائے گی۔

ڈیموکریٹس نے ٹرمپ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ شٹ ڈاؤن کو سیاسی مخالفین کو دباؤ میں لانے کے لیے ’بلیک میل‘ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ سینیٹ ڈیموکریٹک لیڈر چک شومر نے کہا کہ ٹرمپ عام شہریوں کو ذاتی مقاصد کے لیے نقصان پہنچا رہے ہیں۔ دوسری جانب ریپبلکن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے ڈیموکریٹس کو فنڈنگ بلز کی حمایت کرنا ہوگی۔

اصل تنازعہ 1.7 کھرب ڈالر کے بجٹ پر ہے، جس میں وفاقی ایجنسیوں کے آپریشنز کے اخراجات شامل ہیں۔ سینیٹ میں ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز دونوں نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں، تاہم دونوں ہی مسترد ہوگئیں۔ کانگریس میں معاہدے کے بغیر شٹ ڈاؤن ختم ہونے کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ بحران نہ صرف معیشت بلکہ امریکا کے عالمی تشخص پر بھی منفی اثر ڈال رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے