وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافہ کر کے شہریوں پر بوجھ مزید بڑھا دیا ہے۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول پر لیوی 78 روپے 2 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77 روپے ایک پیسہ فی لیٹر ہو گئی ہے۔
بدلتے حالات کے باوجود پاک چین دوستی ناقابل شکست ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
اس سے قبل پیٹرول پر لیوی 75 روپے 52 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 74 روپے 51 پیسے وصول کی جا رہی تھی۔ لیوی میں اضافے سے واضح ہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کے امکانات محدود کر دیے ہیں، جبکہ اگر ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی نہ بڑھائی جاتی تو اس کی قیمت میں بھی کمی ممکن تھی۔
ذرائع کے مطابق حکومت فی الوقت پیٹرولیم لیوی کے ساتھ ساتھ کلائمٹ سپورٹ لیوی بھی وصول کر رہی ہے جو کہ دونوں ایندھنوں پر 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے کمی کا اعلان کیا اور نئی قیمت 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر مقرر کی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 48 پیسے اضافہ کر کے 285 روپے 83 پیسے فی لیٹر کر دی گئی۔
عوامی حلقوں کی جانب سے اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اسے "قیمت میں کمی کے اعلان کے باوجود ٹیکس کے ذریعے بوجھ بڑھانے کی حکمتِ عملی” قرار دیا جا رہا ہے۔