محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اتوار سے ہیٹ ویو شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے دوران دن کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جو کہ معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب عالمی مالیاتی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ
سینئر ماہر موسمیات انجم نذیر ضیغم نے بتایا کہ سندھ کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موجود ہائی پریشر ایریا کے دور ہونے سے اتوار کے روز سمندری ہوائیں رک سکتی ہیں، جس کے باعث کراچی کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہفتے سے موسمی نظام کی جنوبی علاقوں کی طرف منتقلی، صوبے کے دیگر حصوں میں جاری ہیٹ ویو کی شدت کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے اپنی ایڈوائزری میں خبردار کیا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران شہری خاص طور پر بچے، خواتین اور بزرگ افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دھوپ میں غیر ضروری طور پر نہ نکلیں اور پانی کا استعمال بڑھا دیں۔
جمعہ کے روز کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہفتے کو 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
دوسری جانب سندھ کے مختلف شہروں میں جمعہ کے روز شدید گرمی دیکھی گئی۔ دادو اور شہید بینظیر آباد میں درجہ حرارت 46.5 ڈگری، پڈعیدن میں 46، لاڑکانہ میں 45.6، موہنجو داڑو اور خیرپور میں 45.5، سکھر اور روہڑی میں 45، حیدرآباد اور میرپورخاص میں 42 جبکہ بدین میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔