کراچی: ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے مسائل کے مستقل حل کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوہر گرین سٹی کے سامنے الطاف حسین حالی روڈ، ملیر تھانہ سے مرتضیٰ چورنگی تک تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا، سڑک کی تعمیر میں حائل تکنیکی رکاوٹیں دور کر لی گئی ہیں اور بجٹ مختص ہونے کے بعد ٹینڈر جلد جاری کیا جائے گا۔
پاکستان نے آئی ایم ایف کی بڑی شرط پوری کر دی، کرپشن و گورننس پر تشویشناک رپورٹ جاری
وہ گزشتہ روز کے این گوہر گرین سٹی ملیر ریزیڈنٹس کمیٹی کی حلف برداری تقریب سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں کمیٹی کے نو منتخب عہدیداران — صدر بابل بلوچ، جنرل سیکریٹری چوہدری نسیم اختر، نائب صدر رانا نور ساجد، ایگزیکٹیو ممبر ڈاکٹر عمران نوری، سیکریٹری فنانس خرم شہزاد، سیکریٹری اطلاعات را وکیل — سمیت دیگر اراکین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ قائدآباد فلائی اوور کو آٹھ لین کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک جام کے مسائل کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ’’عوامی خدمت ہمارا نصب العین ہے، جہاں ضرورت پڑی میں خود موجود ہوں گا۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کراچی کی خدمت کر رہی ہے اور کورنگی، ملیر سمیت شہر بھر میں بلا تفریق ترقیاتی کام جاری ہیں، جلد شہر کے مسائل پر قابو پا لیا جائے گا۔
تقریب میں نو منتخب صدر بابل بلوچ اور جنرل سیکریٹری چوہدری نسیم اختر نے سوسائٹی کے مسائل اجاگر کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ٹیم کے ہمراہ دن رات کام کر کے گوہر گرین سٹی کو مثالی سوسائٹی بنائیں گے۔
تقریب میں گوہر گروپ آف کمپنیز کے آصف خان، اکرم خان کوہاٹی، سید محمد سرفراز، انصار شیخ، سید محمد خلجی، مفتی محمد زکریا، مفتی محمد راشد، مولانا حق نواز عامر، خواتین ونگ کی نمائندہ عہدیداران، سوسائٹی کے رہائشی اور عمائدین بڑی تعداد میں شریک تھے۔