کراچی: عزیز آباد کی حدود گلشن شمیم کے قریب شہری کی بروقت فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شہری سید مشیر عباس اپنے دوستوں کے ہمراہ یاسین آباد میں واقع مبارک ہوٹل پر بیٹھا تھا۔
اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 4 اسمگلرز گرفتار، 37.674 کلو منشیات برآمد
شہری کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر سوار تین ڈاکو اچانک پہنچے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کر دی۔ اس دوران مشیر عباس نے مزاحمت کی، جس پر ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ شہری نے حفظِ ماتقدم کے طور پر جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت شہزاد خان کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک پسٹل بمعہ راؤنڈز برآمد کیا گیا۔
پولیس نے نعش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے دیگر دو ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
عزیز آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ہلاک ڈاکو کا کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
