پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں سینئر کھلاڑیوں کو ایک بار پھر آرام دے دیا گیا ہے۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد سید اور چیئرمین کے مشیر عامر محمود نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اسکواڈ کا اعلان کیا۔ ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر سلمان علی آغا کریں گے۔
منتخب کھلاڑیوں کے نام:
سلمان علی آغا (کپتان)، عباس آفریدی، ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، صائم ایوب، حسین طلعت، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، خوشدل شاہ، سلمان مرزا، صفیان مقیم اور محمد نواز۔
سینئرز کی غیر موجودگی:
قومی اسکواڈ میں بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا گیا ہے، جبکہ حارث رؤف اور شاداب خان انجری کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔
نئے اور واپسی کرنے والے چہرے:
اسکواڈ میں سلمان مرزا اور احمد دانیال کو بطور فاسٹ بولر شامل کیا گیا ہے جبکہ آل راؤنڈر محمد نواز کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
تربیتی کیمپ اور شیڈول:
قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 9 جولائی سے 15 جولائی تک کراچی میں جاری رہے گا، جس کے بعد ٹیم 16 جولائی کو ڈھاکہ روانہ ہوگی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی 20 میچز 20، 22 اور 24 جولائی کو شیرِ بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم، ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔
ویسٹ انڈیز کا دورہ:
بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے بعد قومی ٹیم امریکا روانہ ہوگی جہاں وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی 20 میچز 31 جولائی، 2 اور 3 اگست کو فلوریڈا میں کھیلے گی۔
بعد ازاں، قومی ٹیم ٹرینیڈاڈ جائے گی جہاں 8، 10 اور 12 اگست کو تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔