کراچی: سائٹ سپرہائی وے پر فقیرا گوٹھ کے قریب ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 7 سالہ بچی گولی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے اور پولیس کے پہنچنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس اور ڈاکوؤں کی دوطرفہ فائرنگ کے دوران معصوم بچی گولی کا نشانہ بن کر موقع پر دم توڑ گئی۔
پولیس نے بچی کی لاش قریبی اسپتال منتقل کردی، تاہم بچی کی موت پولیس یا ڈاکوؤں کی گولی سے ہوئی اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ واقعے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے پر مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔