کراچی — پاکستان کے سینئر اداکار فیصل رحمٰن نے کہا ہے کہ بالی وڈ اسٹار عامر خان ان کی نظر میں کبھی متاثر کن اداکار نہیں رہے۔
شرجیل میمن: سندھ میں ایمرجنسی نہیں، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل تیاری
حالیہ ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل رحمٰن نے اپنے فلمی کیریئر، ذاتی تجربات اور شوبز کی بڑی شخصیات کے ساتھ تعلقات پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ میڈم نورجہاں ان کے والد کو بھائی کہہ کر بلاتی تھیں اور اسی نسبت سے وہ فیصل رحمٰن کو ’’بھائی کا بیٹا‘‘ کہتی تھیں۔
فیصل رحمٰن نے بتایا کہ وہ میڈم نورجہاں کے ساتھ بہت وقت گزارتے رہے لیکن افسوس ہے کہ کبھی ان کے ساتھ تصویر نہ بنوا سکے۔ ان کے مطابق میڈم نورجہاں نہ صرف ایک عظیم گلوکارہ تھیں بلکہ شاندار شخصیت کی مالک بھی تھیں، وہ سفر کے دوران اپنی ہی ریکارڈنگز سنتی تھیں تاکہ جان سکیں کہاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
اداکاری کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل رحمٰن نے کہا کہ ’’اچھا یا برا کچھ نہیں ہوتا، بس کردار کو کہانی کے مطابق نبھانا ضروری ہے‘‘۔
اسی دوران انہوں نے بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ ایک اچھے انسان ہوں گے لیکن ان کی اداکاری انہیں کبھی متاثر نہیں کر سکی۔ فیصل رحمٰن کے مطابق عامر خان اسکرین پر بہت زیادہ کوشش کرتے نظر آتے ہیں، جیسے ہر حال میں پرفیکٹ دکھنا چاہتے ہوں، حالانکہ حقیقت میں پرفیکٹ کچھ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ عامر خان کی ٹیم نے ان کے لیے ’’مسٹر پرفیکٹ‘‘ کی امیج مارکیٹنگ کے لیے بنائی ہو، لیکن ان کے نزدیک اداکاری میں اس قدر جدوجہد کی ضرورت نہیں۔
فیصل رحمٰن نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان کے اس بیان پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ عامر خان کی بڑی فالوونگ ہے، لیکن یہ ان کا ذاتی نظریہ ہے، اور وہ کسی کو عامر خان ناپسند کرنے کے لیے نہیں کہہ رہے۔