ورلڈ چیمپئن اسنوکر کھلاڑی محمد آصف اور حسنین انعامی رقم سے محروم، پی بی ایس اے نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ

61 / 100 SEO Score

کراچی (اسپورٹس ڈیسک) — اسنوکر کے ورلڈ چیمپئن قومی کیوئسٹ محمد آصف اور انڈر 17 ورلڈ چیمپئن محمد حسنین تاحال انعامی رقم سے محروم ہیں۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کو اعلان شدہ کیش ایوارڈ تاحال ادا نہیں کیا گیا۔

پاکستان بھارت جنگ بندی پر عمل جاری، کشمیر کے بغیر بات ممکن نہیں: اسحاق ڈار

پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کے مطابق محمد آصف کو دو عالمی ٹائٹلز کی مد میں ایک کروڑ روپے جبکہ نوجوان کھلاڑی محمد حسنین کو 50 لاکھ روپے ملنے تھے، تاہم اب تک ادائیگی نہیں ہو سکی۔

پی بی ایس اے کے چیئرمین عالمگیر شیخ نے الزام عائد کیا کہ پی ایس بی نے جولائی 2025 میں کیش ایوارڈ پالیسی تبدیل کرتے ہوئے فاتح کھلاڑیوں کے انعامات 50 لاکھ سے کم کر کے 15 لاکھ روپے کر دیے، جو اسنوکر کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ان کے مطابق محمد آصف نے نومبر 2024 اور جولائی 2025 میں ورلڈ ٹائٹلز جیتے جو پرانی پالیسی کے تحت 50،50 لاکھ روپے انعام کے مستحق تھے۔

عالمگیر شیخ نے کہا کہ قومی کھلاڑی اب تک دنیا بھر میں 95 میڈل جیت چکے ہیں، لیکن حکومتی سطح پر ان کے ساتھ سلوک حوصلہ شکن ہے۔ "اسنوکر میں ایک دو سال بعد کوئی ٹائٹل جیتا جاتا ہے، اور اس کھیل میں محنت اور اخراجات بہت زیادہ ہیں، مگر حکومت کھلاڑیوں کی قربانیوں کو نظرانداز کر رہی ہے،” انہوں نے کہا۔

دوسری جانب محمد آصف نے کہا کہ "2012 سے میں نے 6 مرتبہ ورلڈ چیمپئن شپ اور 5 بار ایشین ٹائٹل جیتا، لیکن پنجاب حکومت سے ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔ کھیلنے کے لیے فنانشل سپورٹ ضروری ہے، ورنہ نوجوان کھلاڑی مایوس ہو جائیں گے۔”

انہوں نے کہا کہ کھیل بہت مہنگا ہے لیکن وہ پھر بھی ملک کے لیے کھیلتے رہیں گے۔ "ہمارے پاس شاندار ٹیلنٹ ہے، بس حکومت کو چاہیے کہ نئی اکیڈمیز قائم کرے اور مقامی کوچز کے ذریعے نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرے تاکہ مستقبل میں پاکستان مزید ٹائٹلز جیت سکے،” محمد آصف نے زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے