اسلام آباد، 5 اگست 2025 — چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران ترک مسلح افواج کی جانب سے اعلیٰ عسکری اعزاز "لیجن آف میرٹ” سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجمینت تطلی اوغلو نے پیش کیا، جو دونوں برادر ممالک کے مابین بحری تعاون اور دفاعی تعلقات کو فروغ دینے میں ایڈمرل نوید اشرف کی نمایاں خدمات کا اعتراف ہے۔
پاکستان کی ویسٹ انڈیز پر 14 رنز سے فتح، صائم ایوب کی آل راؤنڈ کارکردگی نے میدان مار لیا
ترک بحریہ کے ہیڈکوارٹر آمد پر ایڈمرل نوید اشرف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے ترک نیوی کے کمانڈر ایڈمرل تطلی اوغلو سے ملاقات کی، جس میں پیشہ ورانہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران ایڈمرل نوید اشرف نے ترک وزیر دفاع یاسر گولر، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل متین گورک، اور کمانڈر نیوی فلیٹ ایڈمرل قادر یلدز سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی، دفاعی تعاون، مشترکہ مشقیں، تربیتی تبادلوں اور باہمی دوروں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے استنبول نیول شپ یارڈ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں پاکستان نیوی کے ملجم پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی — جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹیجک دفاعی شراکت داری کی اہم مثال ہے۔
انہوں نے گولچک نیول بیس میں ترک آبدوزوں کی تیاری اور جدید ڈیزائننگ صلاحیتوں کا مشاہدہ کیا، ترک نیوی کے جنگی جہاز TCG ORUCREIS اور آبدوز S/M PIRIREIS کا معائنہ کیا، جبکہ ترکی کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) کا بھی دورہ کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے نارتھ سی ایریا کمانڈر سے ملاقات کی اور ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی، جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔
یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ تعلقات کو دفاعی سطح پر مزید مستحکم کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
