انسداد منشیات فورس (ANF) نے ملک کے مختلف شہروں میں مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی 6 بڑی کوششیں ناکام بنا دیں اور 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 12 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد
اے این ایف ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 219.421 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت تقریباً 12 کروڑ 10 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
پشاور میں باچا خان ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 541 گرام ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کیے گئے۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
سیالکوٹ میں کچہری روڈ پر واقع ایک کوریئر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 480 گرام آئس برآمد کی گئی۔
اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب ایک ٹرک سے 3.6 کلو افیون اور 64.8 کلو چرس برآمد ہوئی، جبکہ 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
نیشنل ہائی وے، حیدرآباد کے قریب گاڑی سے 24 کلو چرس اور وڈھو واہ گیٹ کے قریب ایک اور گاڑی سے 48 کلو چرس برآمد ہوئی۔ دونوں مقدمات میں تین ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کے قریب اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 78 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
