ڈھاکا: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے شیڈول کا معاملہ جلد حل کرلیا جائے گا، اس سلسلے میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے رابطے میں ہیں۔
محسن نقوی نے یہ بات ڈھاکا میں اے سی سی کے سالانہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اجلاس خوشگوار ماحول میں ہوا، جس میں 25 رکن ممالک نے مکمل شرکت کی اور سب نے کرکٹ کو سیاست سے بالاتر رکھتے ہوئے مشترکہ طور پر فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایشیا کپ سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا،
"بی سی سی آئی سے مثبت رابطہ جاری ہے، اور بہت جلد ایشیا کپ کے انعقاد سے متعلق واضح اعلان کیا جائے گا۔”
جب ان سے پوچھا گیا کہ ایشیا کپ میں شرکت کرنے والے تین بڑے بورڈز کی شمولیت کیسے ممکن ہوئی، تو انہوں نے اس کا کریڈٹ صرف خود کو نہیں بلکہ تمام اے سی سی اراکین کو دیا،
"یہ ہم سب کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔”
اے سی سی اجلاس کی جھلکیاں:
2025-26 کا کرکٹ کیلنڈر اور بجٹ منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔
ایشین گیمز 2026 (جاپان) میں کرکٹ کو شامل کر لیا گیا: 10 مرد اور 8 خواتین ٹیمیں شریک ہوں گی۔
منگولیا، ازبکستان اور فلپائن کو اے سی سی کا نیا رکن بنایا گیا۔
اجلاس میں تمام اراکین نے کرکٹ کی ترقی کو اولین ترجیح دینے کا عہد کیا۔
محسن نقوی نے مستقبل میں بھی اسی اتحاد اور یکجہتی سے اجلاس منعقد کرنے کی امید ظاہر کی، اور کرکٹ کو خطے میں ایک مثبت اور تعمیری قوت قرار دیا۔