اسلام آباد — رائل سعودی نیول فورسز کے چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لیبیا کے کمانڈر انچیف جنرل صدام خلیفہ حفتر کی ملاقات، دفاعی تعاون پر اتفاق
نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر معزز مہمان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان کو خوش آمدید کہا، جبکہ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں، وائس ایڈمرل الغریبی کو نیول ہیڈ کوارٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے متعارف کرایا گیا۔
دونوں نیول چیفس کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی، دفاع، تربیت اور سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ فریقین نے رواں سال شمالی بحیرہ عرب میں منعقدہ مشترکہ مشق نسیم البحر XV کی کامیابی کو سراہا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سعودی نیول چیف نے پاک بحریہ کی غیر متزلزل وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی بحری افواج کا تعاون خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے پاکستان نیول اکیڈمی اور بحری جہازوں پر سعودی کیڈٹس کو فراہم کی جانے والی معیاری تربیت کو سراہا اور اس کے مثبت اثرات کا اعتراف کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بحری تعاون پر مبنی تعلقات دیرینہ اور برادرانہ نوعیت کے ہیں، اور اس اعلیٰ سطحی دورے سے دونوں افواج کے درمیان اشتراکِ عمل کو نئی جہت ملے گی۔