کراچی: کورنگی ندی پر زیر تعمیر پل کی تکمیل کی حتمی تاریخ سامنے آ گئی ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کورنگی اور ابراہیم حیدری کے لاکھوں شہریوں کے دیرینہ مسئلے کا حل اب قریب ہے، اور پل ستمبر 2025 تک کھول دیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی کارروائیاں، گٹکا/ماوا سپلائی میں ملوث 3 عادی ملزمان گرفتار
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بارشوں کے دوران ندیوں کے اوور فلو ہونے اور کازوے کے ڈوبنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہوتا تھا، خاص طور پر کورنگی اور ابراہیم حیدری کے رہائشی متاثر ہوتے تھے۔ تاہم، 6 ارب 49 کروڑ روپے کی لاگت سے 2.3 کلومیٹر طویل پل کی تعمیر اس مسئلے کا مستقل حل ثابت ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 1991 میں تعمیر شدہ جام صادق پل خستہ حالی کا شکار ہے اور اب وہاں ٹریفک کا شدید دباؤ ہے، اس لیے شہری انتظامیہ نے اس کے متوازی 1.1 کلومیٹر طویل نیا پل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے صنعتی علاقوں میں کام کرنے والے مزدوروں اور رہائشیوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔
میئر کراچی کے مطابق ان پلوں کی تعمیر سے طلبہ، ملازمین، کارخانے داروں، دفاتر جانے والے شہریوں اور بزنس کمیونٹی کو نہ صرف آمد و رفت میں آسانی ہو گی بلکہ ٹریفک جام کے باعث روزانہ ضائع ہونے والا قیمتی وقت بھی بچے گا۔
مرتضیٰ وہاب نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبے کراچی کے شہری ڈھانچے میں اہم کردار ادا کریں گے اور بارشوں سے پیدا ہونے والے بحران کو کم کریں گے۔