معروف بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر جنوری 2025 میں ہونے والے چاقو حملے کے بعد ان کی اہلیہ کرینہ کپور پر بھی حملے کی کوشش کی گئی، یہ چونکا دینے والا انکشاف اداکار و سیکیورٹی ماہر رونت رائے نے کیا ہے۔
اداکار رونت رائے، جنہوں نے سیف علی خان کی سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالی ہوئی ہے، نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ سیف پر حملے کے چند دن بعد کرینہ کپور کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا۔
سیف علی خان پر حملہ:
یاد رہے کہ 16 جنوری 2025 کو ایک نامعلوم شخص نے سیف علی خان کے گھر میں گھس کر چاقو کے وار کیے تھے، جس سے اداکار شدید زخمی ہوئے اور انہیں ایک ہفتے تک اسپتال میں رہنا پڑا۔
اس واقعے کے بعد سیف نے اپنی سیکیورٹی کی ذمہ داری رونت رائے کی سیکیورٹی کمپنی کو سونپی، جنہوں نے انکشاف کیا کہ سیف کے گھر میں ابتدائی طور پر سیکیورٹی کے انتظامات نہایت ناقص تھے۔
کرینہ کپور پر حملے کی تفصیلات:
رونت رائے کے مطابق، جیسے ہی سیف علی خان اسپتال سے گھر واپس آئے، وہاں مداحوں اور میڈیا کا رش لگ گیا۔
اسی دوران کرینہ کپور کی گاڑی پر حملے کی کوشش کی گئی، جس کے بعد فوری طور پر ان کی سیکیورٹی مزید سخت کی گئی۔
سیکیورٹی ایجنسی کی تاریخ:
رونت رائے نے بتایا کہ انہوں نے 1996 میں سیکیورٹی کمپنی کا آغاز کیا تھا، جب شوبز میں کام کم مل رہا تھا۔
انہوں نے اسرائیلی اور جنوبی افریقی اداروں سے سیکیورٹی تربیت حاصل کی اور آج ان کی کمپنی کئی اہم شخصیات کو سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔
عامر خان کو بھی دھمکیاں:
رونت رائے نے انکشاف کیا کہ فلم ’لگان‘ کی شوٹنگ کے دوران عامر خان کو دھمکیاں ملی تھیں، جس کے بعد وہ ان کی سیکیورٹی کمپنی سے وابستہ ہوگئے، اور اب تک ان کی خدمات لے رہے ہیں۔
رونت رائے کے اس انکشاف کے بعد بالی وڈ حلقوں میں سیکیورٹی خدشات مزید گہرے ہو گئے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مشہور شخصیات پر حملے روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔