قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن نے پی ٹی سی ایل کی جانب سے معلومات کی بروقت فراہمی میں ناکامی اور پراپرٹی معاہدوں پر غیر سنجیدہ رویے پر تادیبی کارروائی کی سفارش کی ہے۔ اجلاس کی صدارت متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی امین الحق نے کی۔
پی ٹی سی ایل پراپرٹی معاہدے پر برہمی
کمیٹی چیئرمین اور دیگر اراکین نے پی ٹی سی ایل کی جانب سے اجلاس سے چند گھنٹے قبل بریفنگ پیپرز جمع کرانے پر برہمی کا اظہار کیا۔
رکن شیر علی نے دوٹوک کہا کہ "برہمی سے کچھ نہیں ہوگا، پی ٹی سی ایل کے خلاف کارروائی کی جائے۔”
جبکہ حاتم بامطرف، سی ای او اتصالات گروپ، نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور کہا کہ پاکستان و یو اے ای کے دوستانہ تعلقات کو مدنظر رکھا جائے۔
نجکاری کمیشن کی بریفنگ
نجکاری کمیشن کے حکام نے کہا کہ 2006 میں پی ٹی سی ایل کی نجکاری کے بعد یہ بین الاقوامی معاہدہ حکومت اور اتصالات کے درمیان طے پایا تھا، جس پر بریفنگ ان کیمرا دی جا سکتی ہے۔
رکن صادق میمن نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ "اگر ان کیمرا کرنا تھا تو پہلے بتایا جاتا، یہ نااہلی ہے۔”
لائسنس فیس تنازع، ذیلی کمیٹی تشکیل
کمیٹی کو بتایا گیا کہ 21 ایل ڈی آئی آپریٹرز میں سے 9 کے لائسنسز عدالتی پیچیدگیوں کا شکار ہیں، اور لائسنس فیس کی ادائیگی پر شدید اختلافات ہیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ "ہم عوام کا ایک روپیہ بھی معاف کرنے کو تیار نہیں”، اور اس تنازع پر ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی گئی، جو منظور کر لی گئی۔
پنجگور میں انٹرنیٹ مکمل بند
چیئرمین پی ٹی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت داخلہ کے حکم پر پنجگور میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل ہے۔
بلوچستان میں 100 سے زائد ٹاورز کو نقصان پہنچ چکا ہے، جب کہ 9-12 جولائی کے درمیان مزید 3 ٹاور تباہ کیے گئے۔
رکن پولین بلوچ نے کہا کہ "بلوچستان حالت جنگ میں ہے، 6 سال سے لا اینڈ آرڈر بہتر نہیں ہو سکا۔”
کراچی میں نیٹ ورک مسائل، ملک بھر میں شکایات
رکن مہیش کمار نے شکایت کی کہ "کراچی میں واٹس ایپ کال ایک منٹ سے زیادہ نہیں چلتی”۔
چیئرمین کمیٹی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "ٹیلی کام کمپنیاں صرف پیسہ کمانے کی مشینیں بن چکی ہیں۔”
چیئرمین پی ٹی اے نے جواب دیا کہ بغیر فائبر کے فورجی سروس ممکن نہیں، فائبرزیشن پالیسی تیار کی جا رہی ہے، اور رواں سال کے اختتام تک تین نئی سب میرین کیبلز پاکستان آ رہی ہیں۔
ٹیلی نار-یوفون انضمام تاخیر کا شکار
اجلاس میں ٹیلی نار اور یوفون کے انضمام پر بھی سوالات اٹھے۔
مہیش کمار نے الزام لگایا کہ "ٹیلی نار جان بوجھ کر نیٹ خراب کر رہا ہے تاکہ انضمام پر دباؤ پڑے”۔
چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ یہ معاملہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) میں زیر سماعت ہے۔
سرٹیفکیشن و تربیت پر پیشرفت
وفاقی وزیر شزہ فاطمہ نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ
مائیکروسافٹ پاکستان میں 3 لاکھ افراد کو سرٹیفائی کر رہا ہے
گوگل وزارت آئی ٹی کے تعاون سے 5 لاکھ افراد کو تربیت دے گا
مائیکروسافٹ کا پاکستان میں صرف لیزان آفس ہے، مکمل آپریشنل آفس بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔