اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے اسلام آباد کے علاقے جی-10 مرکز میں واقع سردار پلازہ میں قائم ایک غیر قانونی کال سینٹر پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
اداکارہ ریحام رفیق کی عمر سے متعلق انکشاف، سوشل میڈیا صارفین حیران
ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، اس کال سینٹر میں 60 سے زائد افراد کام کر رہے تھے، جو مبینہ طور پر جعلی آن لائن ارننگ اسکیم کے ذریعے ملکی و غیر ملکی شہریوں کو دھوکہ دے رہے تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق، یہ کارروائی مدعی عامر عظیم عباسی کی شکایت پر کی گئی، جنہوں نے ایک ٹاسک بیسڈ اسکیم کے ذریعے مالی نقصان کی اطلاع دی تھی۔ ابتدائی تفتیش سے انکشاف ہوا کہ گروہ منظم طریقے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، ٹیلیگرام اور واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے متاثرین کو جھانسہ دیتا تھا، اور اے آئی سے تیار کردہ تصاویر اور جعلی شناختیں استعمال کی جاتی تھیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق، گروہ کے ارکان "ریسیپشنسٹ”، "فنانس مینیجرز” اور "کلرز” جیسے مختلف کرداروں میں منقسم تھے، جو نہ صرف متاثرین کی ذاتی معلومات چراتے بلکہ کرپٹو کرنسی کے ذریعے غیر قانونی رقوم کی منتقلی میں بھی ملوث تھے۔ ان افراد کا تعلق مختلف قومیتوں سے تھا اور بعض ملزمان نے کمبوڈیا، چین اور دیگر ممالک میں بیٹھ کر کارروائیاں کیں۔
این سی سی آئی اے نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ان مجرمانہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی، اور ایسے افراد کو سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ چھاپہ ایسے وقت میں ہوا جب ایجنسی نے گزشتہ ہفتے فیصل آباد میں بھی ایک جعلی آن لائن فیکٹری پر کارروائی کرتے ہوئے 149 افراد کو گرفتار کیا، جن میں 48 چینی شہری شامل تھے۔ اس کیس میں 87 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ اور 62 کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا۔
اسی طرح، کراچی میں بھی گزشتہ ماہ ایک ہائی پروفائل کیس میں 18 افراد کو گرفتار کیا گیا، جب کہ مئی 2025 میں FBI اور ڈچ پولیس کے تعاون سے لاہور و ملتان میں ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے 21 ملزمان کو حراست میں لیا گیا تھا، جنہوں نے لاکھوں ڈالر کا آن لائن فراڈ کیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں پاکستان میں بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل فراڈ اور سائبر کرائم کے خلاف سخت پیغام ہیں، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک آن لائن اسکیموں سے ہوشیار رہیں۔