کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ان کے والد کی جانب سے وصول نہ کیے جانے کے بعد شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات ان کی تدفین کے لیے سامنے آ گئی ہیں۔
حکومت اور اپٹما کے درمیان کاٹن سیس معاہدہ طے، ٹیکسٹائل ملز 1.5 ارب روپے 4 اقساط میں ادا کریں گی
واضح رہے کہ اداکارہ کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے پوش علاقے ڈی ایچ اے کے ایک فلیٹ سے ملی تھی۔ ابتدائی طور پر پولیس نے اسے 20 دن پرانی قرار دیا، مگر بعد ازاں تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ لاش ممکنہ طور پر 6 ماہ سے زائد پرانی ہے اور گلنے کا عمل شروع ہو چکا تھا، حتیٰ کہ خون کے نمونے بھی حاصل نہیں کیے جا سکے۔
پولیس کے مطابق، حمیرا اصغر کے والد نے ان کی لاش وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنی بیٹی سے تعلق ختم کر چکے ہیں۔ اس افسوسناک خبر کے سامنے آنے پر شوبز انڈسٹری میں دکھ اور غم کی لہر دوڑ گئی۔
اداکارہ سونیا حسین نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ اگر ایک دن کے اندر حمیرا اصغر کے اہلِ خانہ ان کی لاش وصول نہ کریں تو انہیں آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔ سونیا نے والدین کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کسی یتیم یا لاوارث کے ساتھ ہو تو سمجھ آتا ہے، لیکن یہاں تو سب رشتے موجود ہیں۔
اداکار یاسر حسین نے بھی سونیا حسین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر سونیا کو تدفین کی اجازت نہ ملی تو وہ خود یہ فریضہ انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس انڈسٹری کے باعث حمیرا کو عاق کیا گیا، وہی انڈسٹری آج ان کی تدفین کے لیے متحد ہے۔
اداکارہ یشمیٰ گل نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ انہوں نے ڈی آئی جی کراچی سید اسد رضا سے براہ راست بات کی ہے، اور اگر ایک دن کے اندر ورثا لاش وصول نہ کریں تو وہ خود حمیرا اصغر کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
دیگر شوبز ستاروں اور سماجی کارکنوں نے بھی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حمیرا اصغر کی تدفین کے لیے اداکاروں کو اجازت دیں تاکہ ایک مرحوم فنکار کو عزت کے ساتھ سپردِ خاک کیا جا سکے۔
یہ واقعہ سماجی بے حسی، تنہائی اور فنکاروں کے ساتھ روا رکھے جانے والے روئیے پر ایک سنجیدہ سوال چھوڑ گیا ہے۔