حوالہ ہنڈی، نان کسٹم مصنوعات اور جعلی ادویات مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم — محسن نقوی

57 / 100 SEO Score

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کراچی زون کے دورے کے دوران حوالہ ہنڈی، نان کسٹم مصنوعات، جعلی ادویات اور بھکاریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے والے ایجنٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

کوئٹہ: محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ایف سی ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطحی کانفرنس

ایف آئی اے کراچی زون میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حوالہ ہنڈی جیسے غیر قانونی ذرائع سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے بڑے بڑے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور کسی بھی قسم کا دباؤ قبول نہ کیا جائے۔

محسن نقوی نے ملک کے امیج کو داغدار کرنے والے "بھکاری ایکسپورٹ مافیا” کے خلاف بھی سخت ایکشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ان ایجنٹس کو دوسرے صوبوں کے تعاون سے فوری گرفتار کیا جائے، جبکہ بیرونِ ملک سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے بھکاریوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

انہوں نے جعلی ادویات کے مکروہ دھندے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کی اصل جگہ جیل ہے۔ جعلی دوا فروشی انسانیت سے دشمنی ہے، اس کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے نان کسٹم پیڈ مصنوعات کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کا بھی حکم دیا، اور ہدایت کی کہ بیرونِ ملک سفر کرنے والے ایسے مسافر جو پانچ ہزار امریکی ڈالرز سے زائد لے کر جا رہے ہوں، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے۔

اجلاس کے دوران ایف آئی اے کراچی زون کے ڈائریکٹر نعمان صدیق نے وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی، جاری کارروائیوں اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تمام کارروائیاں شفاف، بے لاگ اور قانون کے مطابق کی جائیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور ملک دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے