اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) — ملک میں مون سون کا موسم معمول سے ایک ہفتہ پہلے 25 جون سے شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے باعث شدید بارشوں، ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پاکستان نے جنگ بندی کے جھوٹے بھارتی دعوے مسترد کر دیے: دفتر خارجہ
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ ظہیر بابر نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں مون سون کے نظام میں تبدیلی دیکھی گئی ہے اور اس سال بارشیں معمول سے پہلے شروع ہوں گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں اور ان میں مزید شدت متوقع ہے۔
25 جون کو ایک مضبوط مغربی لہر شمالی علاقوں میں داخل ہو گی، جس کے بعد 26 جون سے چاروں صوبوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں شروع ہو جائیں گی۔
وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، کوٹلی، میرپور، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، ڈی جی خان، پشاور، سوات، چترال اور دیگر علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ نالوں اور دریاؤں میں طغیانی، شہری سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، پشاور اور کراچی کے نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مساجد، کمیونٹی لیڈرز اور ایس ایم ایس کے ذریعے عوام کو بروقت خبردار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور طوفانی بارش کے دوران احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔