لاہور: بھارت کی جانب سے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش ایک بار پھر ناکام ہوگئی، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی کامیاب سفارت کاری کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان پر آمادگی ظاہر کر دی۔
بیجنگ میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کی چینی قیادت سے ملاقات، پاکستان کی خودمختاری پر حمایت پر چین کا شکریہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان مذاکرات کامیاب رہے، جس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کا انعقاد لاہور میں ہوگا اور شائقین کو ایک بار پھر بین الاقوامی کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس معاملے کو حتمی شکل دینے کے لیے خصوصی طور پر دبئی کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور صدر سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ کئی گھنٹوں پر محیط ان مذاکرات کے بعد بنگلہ دیش نے دورہ پاکستان پر رضامندی ظاہر کی۔
یہ پیشرفت اس وقت ہوئی ہے جب بھارت کی جانب سے مختلف پلیٹ فارمز پر پاکستان کو الگ تھلگ کرنے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم پی سی بی کی مؤثر حکمت عملی نے ان کوششوں کو ناکام بنا دیا۔