کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری 136 ترقیاتی اسکیموں کا وہ خود معائنہ کریں گے اور ان کے کام کی رفتار کا جائزہ لیں گے۔ بدھ کے روز کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت دی کہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے تمام اسکیموں کو جلد مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید خالد حیدر شاہ، ڈی جی کے ڈی اے الطاف گوہر مہر اور دیگر حکام نے شرکت کی، جہاں وزیر بلدیات کو ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ 136 میں سے 77 اسکیمیں رواں مالی سال میں مکمل ہو جائیں گی، جبکہ 51 منصوبے آئندہ مالی سال تک مکمل کیے جانے کا امکان ہے، اور 8 اسکیمیں قانونی پیچیدگیوں کا شکار ہیں۔
کراچی کے ساتوں اضلاع میں جاری اسکیموں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 29، ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 19، ڈسٹرکٹ کیماڑی میں 6، ڈسٹرکٹ کورنگی میں 9، ڈسٹرکٹ ملیر میں 50، جبکہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ اور ویسٹ میں 9، 9 اسکیموں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کے لیے اب تک 63 فیصد فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں، جن کی مالیت 7442.930 ملین روپے ہے۔
سعید غنی نے ہر ترقیاتی اسکیم پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ان منصوبوں کا وزٹ کریں گے تاکہ کام کے معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ قانونی پیچیدگیوں میں پھنسے منصوبوں کی رپورٹ محکمہ قانون کو ارسال کی جائے، جبکہ ٹریفک انجنئیرنگ بیورو کی مدد سے ٹریفک سگنلز اور روڈ ورک کے مسائل حل کیے جائیں۔
