بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جان بوجھ کر غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کے ساتھ گیند کر رہے تھے۔ کرکٹ ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق شکیب کے ایکشن پر اعتراض کے بعد 2024 میں کاؤنٹی کلب سرے کے ساتھ سیزن مکمل کرنے کے بعد اُن پر باؤلنگ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
جاپان میں 7.5 شدت کا زلزلہ: سونامی وارننگز واپس، 90 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل
گزشتہ سال دسمبر میں لوفبرا یونیورسٹی میں ہونے والے ٹیسٹ میں ان کا ایکشن غیر قانونی قرار پایا، جس کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اُن پر تمام مقابلوں میں باؤلنگ کرنے پر پابندی لگا دی۔ آئی سی سی قوانین کے تحت یہ پابندی خودبخود انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی لاگو ہو گئی۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شکیب نے اعتراف کیا کہ وہ تھکاوٹ کے باعث جان بوجھ کر غیر قانونی ایکشن کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میرے خیال میں میں تھوڑا بہت جان بوجھ کر ایسا کر رہا تھا کیونکہ میں نے ایک میچ میں 70 سے زیادہ اوورز باؤلنگ کی تھی۔ اپنی ٹیسٹ کرکٹ میں میں نے کبھی اتنے اوورز نہیں پھینکے تھے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ سرے کی جانب سے سمرسیٹ کے خلاف ٹاؤنٹن میں چار روزہ میچ کے دوران وہ انتہائی تھک چکے تھے۔ شکیب نے کہا کہ ’’میں سوچ رہا تھا کہ امپائر مجھے وارننگ دیں گے، لیکن انہوں نے قانون کے مطابق رپورٹ کر دیا۔ میں نے اس پر کوئی شکایت نہیں کی، ایکشن ٹیسٹ میں فیل ہوا، پھر دوبارہ ٹیسٹ دیا اور کلیئر ہو گیا۔‘‘
اس میچ میں شکیب نے مجموعی طور پر 63.2 اوورز کرائے تھے۔ انہیں رواں برس کے آغاز میں تیسرے ٹیسٹ کے بعد دوبارہ باؤلنگ کے لیے کلیئر قرار دیا گیا تھا۔