پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے اشرف گوٹھ گلشن معمار سے ڈکیتی اور منشیات فروشی میں سرگرم گینگ کے 4 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں عباس محمد ولد علی جان (افغانی)، نور محمد عرف شینا ولد خان محمد (افغانی)، عزت امیر ولد محمد امیر اور امداد علی ولد محمد شہمیر شامل ہیں۔
رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پسٹل، 1 عدد 9 ایم ایم پسٹل، 57 راؤنڈز مختلف ایمونیشن، 75 گرام حشیش، 24 گرام آئس، 26 گرام ہیروئن، 57 چھینے گئے موبائل فونز، 1 ٹیبلٹ، 1 لیپ ٹاپ، 3 سی سی ٹی وی کیمرے اور نقدی برآمد کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ گروہ کراچی کے مختلف علاقوں، خصوصاً اشرف گوٹھ، نیو کراچی اور سرجانی میں متعدد وارداتوں، جن میں ڈکیتی، منشیات فروشی اور چھینا جھپٹی شامل ہیں، میں ملوث رہا ہے۔
گرفتار ملزمان کو اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے مشکوک عناصر کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں، اور یقین دلایا ہے کہ اطلاع دہندہ کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔