رائزنگ اسٹار ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے بدترین شکست دے کر ایونٹ میں شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ دوحا (قطر) میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے مخالف ٹیم کا 137 رنز کا ہدف صرف 14ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کر لیا۔
سابق وزیرِاعظم حسینہ واجد انسانیت کے خلاف جرائم پر سزائے موت کی سزاوار قرار
پاکستانی اوپنر معاذ صداقت نے لاجواب 79 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر میچ کے ہیرو کا اعزاز اپنے نام کیا۔ انہوں نے آغاز سے ہی بھارتی باؤلرز پر دباؤ برقرار رکھا اور 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے ٹیم کو فتح کی راہ دکھائی۔ محمد نعیم 14 اور یاسر خان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ محمد فائق 16 رنز کے ساتھ کریز پر موجود رہے۔
بھارت کی جانب سے سویاش شرما اور یش ٹھاکر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بھارت اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19ویں اوور کی آخری گیند پر 136 رنز بنائے۔ ویبھو سوریا ونشی نے 28 گیندوں پر 45 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ نامن داہر 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہد عزیز نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 24 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے 2،2 جبکہ صفیان مقیم، احمد دانیال اور عبید شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
میچ کے دوران اس وقت ناخوشگوار صورتحال دیکھنے میں آئی جب بھارتی کپتان نے ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سے مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا، جس پر شائقین اور ماہرین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔