پاکستان اور چین کا جعلی خبروں کے خلاف مشترکہ میڈیا تعاون پر اتفاق، معلوماتی اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کا عزم

61 / 100 SEO Score

بیجنگ (نیوز ڈیسک) پاکستان اور چین نے جعلی خبروں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کے خلاف مشترکہ بیانیہ اپنانے اور باہمی نشریاتی منصوبوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر کی نائب سربراہ اور نیشنل ریڈیو و ٹیلی ویژن ایڈمنسٹریشن (NRTA) کی وزیر کاؤ شومین کے درمیان بیجنگ میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش والد کے انکار کے بعد شوبز شخصیات تدفین کے لیے میدان میں آ گئیں

دونوں ممالک نے میڈیا شراکت داری کو دیرینہ دوستی کا مظہر قرار دیتے ہوئے، تکنیکی تربیت، ادارہ جاتی تعاون، اور معلومات کے مؤثر تبادلے پر زور دیا۔ اس موقع پر سی سی ٹی وی (CCTV) اور پاکستان ٹیلی ویژن (PTV) کے درمیان مجوزہ معاہدے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ میڈیا تعاون کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان، اور اے پی پی جیسے قومی ادارے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو، سی پیک، ثقافتی روابط اور دوطرفہ کامیابیوں کو دونوں ملکوں کے عوام تک مؤثر انداز میں پہنچا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پی ٹی وی چینی پروگرامز، ڈاکیومنٹریز اور خبروں کو اردو زبان میں نشر کر کے فکری و ثقافتی ربط قائم کر رہا ہے، جب کہ اے پی پی کی ‘چائنا نیوز سروس’ چینی قارئین تک پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پہنچا رہی ہے۔

انہوں نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے تناظر میں سوشل میڈیا پر پاکستان اور چین کے نوجوانوں کی یکجہتی کو اجاگر کیا، جو عوامی سطح پر دونوں ممالک کے تعلقات کی گہرائی کا ثبوت ہے۔

ملاقات میں ڈیجیٹل انفلوئنسرز کے باہمی تبادلے اور سوشل میڈیا تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں ایسے تبادلے دوطرفہ تعلقات میں نئی جان ڈال سکتے ہیں۔

چینی وزیر کاؤ شومین نے پاکستان کو چین کا قابلِ اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ میڈیا، ثقافت، اور عوامی روابط کے میدان میں مشترکہ حکمت عملی کے تحت تعاون کو فروغ دے کر پاک-چین دوستی کو نئے ابعاد دیے جا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ فروری 2025 میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے بھی میڈیا، تعلیم، فلم، اور نوجوانوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاکہ تہذیبی ہم آہنگی اور عوامی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے