اپر دیر (نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر میں موسلادھار بارش کے بعد آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق سیاحتی مقام کمراٹ کا مرکزی پُل اور دیگر دو رابطہ پل سیلابی پانی کی نذر ہو گئے، جس کے نتیجے میں علاقے کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
سیلابی ریلے سے چار مکانات اور ایک پاور ہاؤس کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک بچے کے بہہ جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ علاقے میں رات گئے سے جاری شدید بارشوں کے باعث اچانک سیلابی کیفیت پیدا ہوئی جس نے مقامی آبادی اور سیاحوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق کمراٹ اور جہاز بانڈہ میں آنے والے سیاح رابطہ پل بہہ جانے کے باعث پھنس گئے ہیں اور مقامی افراد بھی امدادی کارروائیوں کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے 20 سے 23 جون تک ملک بھر میں پری مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی بالائی علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔