ایران کی پاسداران انقلاب نے پیر کے روز اسرائیل کے خلاف آٹھویں مرحلے کی کارروائی میں جدید ترین حربی تکنیک استعمال کرتے ہوئے صہیونی ریاست کے کثیر الجہتی دفاعی نظام کو شدید نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ترک نشریاتی ادارے انادولو کے مطابق پاسداران نے اس حملے کو پہلے سے زیادہ طاقتور، منظم اور تباہ کن قرار دیا ہے۔
ایران اسرائیل جنگ کے اثرات: پاکستانی فلائٹ آپریشن شدید متاثر، درجنوں پروازیں منسوخ
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی میں جدید انٹیلی جنس، تکنیکی سازوسامان اور نئے طریقوں کا استعمال کیا گیا جس کے باعث اسرائیل کا دفاعی نظام شدید الجھن کا شکار ہو گیا اور مختلف نظام ایک دوسرے کو نشانہ بنانے لگے۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ان کی تکنیکی مہارت نے امریکی اور مغربی حمایت یافتہ اسرائیلی دفاعی ٹیکنالوجی کو ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں زیادہ تر ایرانی میزائل اپنے مقررہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔
ایرانی حکام نے اس کارروائی کو شہید کمانڈرز سے کیے گئے وعدے کی تکمیل قرار دیا اور کہا کہ یہ حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف صہیونی و امریکی تزویراتی منصوبے مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔
پاسداران نے اعلان کیا کہ "جعلی صہیونی ریاست” کے اہم عسکری و تزویراتی اہداف پر مؤثر، ہدف شدہ اور مزید تباہ کن حملے جاری رہیں گے، یہاں تک کہ اُس کا مکمل خاتمہ ہو جائے۔
یہ کارروائی اُس کشیدہ صورتِ حال کا تسلسل ہے جو اسرائیل کے اُس حملے کے بعد شروع ہوئی جس میں ایرانی جوہری اور میزائل مراکز پر حملہ کر کے اعلیٰ فوجی قیادت اور سائنسدانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک ایک ممکنہ کھلی جنگ کے دہانے پر آ چکے ہیں۔