اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی جھوٹے بیانیے یا دباؤ کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا، اور نہ ہی اپنے مفادات پر کوئی سمجھوتہ کرے گا۔
پاکستان میں مہنگائی 60 سال کی کم ترین سطح پر، شرح سود بھی نصف رہ گئی: گورنر اسٹیٹ بینک
چینی میڈیا گروپ ’سی جی ٹی این اردو‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’’ہماری فتوحات کا راز اللہ کی مدد اور قوم کے غیرمتزلزل عزم میں ہے، ہم نے دنیا کے سامنے ثابت کیا کہ ہم پرعزم، باوقار اور باہمت قوم ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ایک ملک بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا کر اجارہ داری قائم کرنا چاہتا ہے، مگر ہم ایسے کسی منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین دہشت گردی جیسی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے یکجہت ہیں، اور دونوں ممالک خطے میں امن اور ترقی کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہادت پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، چاہے وہ نیلی وردی میں ہو، سفید یا خاکی میں— ہر پاکستانی سپاہی کی اولین تمنا شہادت ہے، اور یہی جذبہ ہماری طاقت ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دنیا آج مس انفارمیشن، موسمیاتی تبدیلی، اور بڑھتی آبادی جیسے بڑے مسائل سے دوچار ہے، ایسے میں دنیا کے ذمہ دار ممالک کو چاہیے کہ وہ ترقی اور فلاح پر توجہ دیں، نہ کہ پڑوسیوں پر دباؤ ڈالیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور چین عوامی فلاح کو ترجیح دیتے ہیں اور امن کے ذریعے ترقی کو ممکن بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کا ترقیاتی ماڈل پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے اور پاکستانی عوام بھی اسی طرح کے خوشحال مستقبل کے خواہاں ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ ’’آہنی اتحاد‘‘ — جس میں فوج، عوام، حکومت، میڈیا اور نوجوان شامل ہیں — مل کر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں تاکہ پاکستان ترقی اور استحکام کی نئی راہوں پر گامزن ہو سکے۔