آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کے بھارت کے خلاف بورڈر گواسکر ٹرافی کے دوران آخری ٹیسٹ میں ٹخنے کی تکلیف میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس سے پاکستان میں شیڈول چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
کپیسٹی چارجز کی ادائیگی کیلئے بجلی کے بلوں میں فکسڈ چارجز لگائے جانے کا انکشاف
کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی جانب سے آج تصدیق کی گئی ہے کہ پیٹ کمنز سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شرکت نہیں کریں گے۔
آئندہ چند دنوں میں آسٹریلوی کپتان کے ٹخنے کے اسکین کیا جائے گا جس کی رپورٹ سے یہ طے کیا جائے گا کہ وہ اگلے ماہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی قیادت کر سکیں گے یا نہیں۔
آسٹریلیا کے چیف سلیکٹرجارج بیلی نے کہا کہ ہمیں پیٹ کمنز کے اسکین کی رپورٹ کا انتظار کرنا ہوگا اور یہ دیکھنا ہوگا کہ اس سے معاملہ کس طرف جاتا ہے۔
خیال رہے کہ پیٹ کمنز نے بھارت کے خلاف 5 ٹیسٹ میچوں کے دوران 167 اوورز میں 21.36 کی اوسط سے 25 وکٹیں حاصل کیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 میں آسٹریلیا کا افتتاحی میچ 22 فروری کو انگلینڈ کے خلاف شیڈول ہے جب کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد 13 فروری کو لنکن ٹائیگرز کے خلاف واحد ون ڈے میچ کھیلنا ہے جس سے چیمپئنز ٹرافی کی تیاری میں مدد ملے گی۔
پیٹ کمنز کی کپتانی میں آسٹریلیا نے 2023 میں بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ جیتا تھا تاہم اس کے بعد سے انہوں نے صرف 2 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں۔