گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے پارٹی اور صوبائی حکومت کو ٹیک اوور کر لیا ہے وہ جلد چیئر پرسن بن جائیگی جب کہ علی امین گنڈاپور ڈمی وزیر اعلیٰ کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے احتجاج پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے کارکنوں کو تنہا چھوڑنے کی روایت برقرار رکھی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ فائنل کال مس کال ثابت ہوگی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے بچے باہر ہیں اور یہ پختونوں کے بچوں کو مروا رہے ہیں۔
عماد عرفانی ہولی وڈ اداکار ہینری کیول کے ہم شکل قرار
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بشریٰ بی بی نے پارٹی ٹیک اوور کرلی ہے اور وہ اب خیبر پختونخوا میں بھی پنجاب کی کرپشن کی داستانیں رقم کریں گی۔
یاد رہے کہ 24 نومبر کو عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کی ’فائنل کال‘ کا اعلان کرنے والی پی ٹی آئی نے گزشتہ روز ’حکومتی بربریت‘ کو جواز بناتے ہوئے اسلام آباد میں احتجاج ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
سوشل میڈیا ایکس پر جاری پیغام میں پی ٹی آئی ترجمان نے کہا ہے کہ حکومتی بربریت اور دارالحکومت کو غیرمسلح شہریوں کے مذبحہ میں تبدیل کرنے کے حکومتی منصوبے کے پیش نظر ہم فی الحال پرامن احتجاج کو ملتوی کرنے کا اعلان کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات گئے اسلام آباد کے ڈی چوک، بلیو ایریا اور جناح ایونیو کے اطراف رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے بعد تحریک انصاف کے رہنما اور کارکن منتشر ہوگئے تھے جبکہ تحریک انصاف نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔
ڈی چوک سے پسپائی اختیار کرنے پر کارکنوں نے پی ٹی آئی قیادت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا، اس دوران تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے گئے کنٹینر میں آگ لگ گئی تھی۔