پاکستان رینجرز (سندھ) کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ حالیہ مشترکہ آپریشن کے دوران رینجرز اور کسٹمز انٹیلی جنس نے کراچی کے علاقے گلشن ضیاء اورنگی ٹاؤن میں ایک ٹویوٹا پک اپ سے بھاری مقدار میں گٹکا ماوا اور غیر ملکی سفینہ گٹکا برآمد کر لیا۔
کراچی؛ ریسٹورنٹ میں آتشزدگی سے سامان جل کر خاکستر
تفصیلات کے مطابق ٹویوٹا پک اپ کے ذریعے گٹکا اور ماوا اسمگل کیا جا رہا تھا، لیکن اسنیپ چیکنگ کے دوران ڈرائیور نے گرفتاری سے بچنے کے لیے گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران 88 تھیلے (وزن 1848 کلوگرام) گٹکا ماوا اور 6 تھیلے (وزن 110 کلوگرام) سفینہ گٹکا برآمد ہوا۔
اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی اور برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پاکستان رینجرز سندھ نے اعلان کیا ہے کہ اسمگلنگ کے مکمل خاتمے تک آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جرائم اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشکوک عناصر کے بارے میں معلومات قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔