نواب شاہ کی تحصیل سکرنڈ کے قریب واقع دو دیہات، راشد آباد اور رمضان انڑ کے رہائشیوں نے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجاً پولیو مہم کا بائیکاٹ کر دیا۔ دیہاتیوں نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں بچوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کے گاؤں میں کئی مہینوں سے گیسٹرو اور دیگر وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے اور انہیں منتخب نمائندوں کی جانب سے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی طارق علی سولنگی کی زیر صدارت اینٹی کرپشن اجلاس، کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایات
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسد اللہ ڈاہری اور اسسٹنٹ کمشنر سکرنڈ رمیز راجہ مذاکرات کے لیے دیہات پہنچے، لیکن گاؤں والوں نے ان سے بات چیت کرنے سے انکار کر دیا۔ دیہاتیوں کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوں گے، وہ پولیو کے قطرے نہیں پلائیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایچ او نے گاؤں والوں کو آگاہ کیا کہ پولیو مہم کا بائیکاٹ غیر قانونی ہے اور جائز مطالبات کے حل کے لیے منتخب نمائندے موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو قانونی کارروائی کے ذریعے بچوں کو قطرے پلانے کا عمل یقینی بنایا جائے گا۔