ملک بھر میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ اور فروشی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف کارروائیاں کیں۔ مجموعی طور پر 10 آپریشنز میں 5 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ 2296.3 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی جن کی مالیت تقریباً 20 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔
تعلیمی اداروں کے نزدیک ہونے والی کارروائیوں میں گلگت کے دیامر کالونی جٹیال روڈ سے ایک ملزم کے قبضے سے 500 گرام چرس، اسلام آباد کے کاک پل پر موٹر سائیکل سوار سے 70 گرام چرس جبکہ گجرات جی ٹی روڈ پر یونیورسٹی کے قریب ایک اور موٹر سائیکل سوار سے 60 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان نے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کر لیا۔
دیگر کارروائیوں میں راولپنڈی کے کوریئر آفس میں امریکہ سے آئے پارسل سے 52 گرام ویڈ برآمد کیا گیا، جبکہ تھائی لینڈ سے موصولہ پارسل سے 22 گرام ویڈ پکڑی گئی۔ کراچی کے کورنگی میں واقع کوریئر آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل میں 21 گرام چرس چھپائی گئی تھی۔
گجرات ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 33.6 کلوگرام چرس برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح بلوچستان میں گوادر پمپ بازار کے قریب پلاسٹک ٹینک میں چھپائی گئی 71 کلوگرام آئس، 13 کلوگرام ہیروئن اور 10 کلوگرام چرس قبضے میں لی گئی۔ پشین کے حمید کراس سرنان کے علاقے سے 2160 کلوگرام گردہ چرس جبکہ نگور شریف گوادر سے 8 کلو ویڈ بھی برآمد ہوئی۔
اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
