بھارتی ون ڈے ٹیم کے کپتان کے ایل راہول نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ہونے والی عبرتناک شکست کو پسِ پشت ڈال کر ٹیم ایک روزہ سیریز میں نئی شروعات کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقہ نے 26 برس بعد بھارت کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دی۔ مہمان ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میں 30 رنز اور دوسرے میچ میں 48 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی۔ اس نتیجے نے بھارتی ٹیم کو شدید دباؤ سے دوچار کر دیا، جبکہ یہ 7 ہوم ٹیسٹ میچز میں بھارتی ٹیم کی پانچویں شکست تھی۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے بھی بھارت کو ہوم سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔
بھارتی ٹیم کے مستقل کپتان شبمن گل انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو چکے ہیں، جس کے بعد وکٹ کیپر بیٹر کے ایل راہول کو کپتانی سونپی گئی ہے۔
رانچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راہول نے کہا کہ ٹیم کی توجہ مکمل طور پر جیت پر مرکوز ہے۔ ’’ہم ایک ہفتہ پہلے کیا ہوا تھا اسے بھول کر کل کے میچ پر فوکس کر رہے ہیں۔ میرے لیے سب سے اہم بات فتح ہے۔‘‘
کپتان کے مطابق ٹیم کا مقصد اجتماعی کارکردگی پیش کرنا ہے تاکہ کامیابی کی راہ ہموار ہو۔ ’’ہم پہلے میچ میں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، پھر اگلے وینیو پر جا کر سیریز اپنے نام کرنے کا ہدف رکھیں گے۔‘‘
بھارتی ٹیم کو سابق کپتانوں ویرات کوہلی اور روہت شرما کی واپسی نے بھی مضبوط کر دیا ہے۔ دونوں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں، تاہم ون ڈے اسکواڈ میں ان کی موجودگی تجربے اور اعتماد میں اضافہ کرے گی۔ راہول نے کہا، ’’سینیئر کھلاڑی ہمیشہ اہم ہوتے ہیں۔ ان کی موجودگی ڈریسنگ روم کو پراعتماد بناتی ہے اور ان کا تجربہ ٹیم کے لیے بہت مددگار ہے۔‘‘
بھارت کے باؤلنگ کوچ مورنے مورکل بھی ایک روزہ سیریز کو ٹیم کے لیے تازہ آغاز قرار دے چکے ہیں۔ ان کے مطابق محدود اوورز کی کرکٹ میں منتقلی سے کھلاڑیوں کو اپنی فارم اور توانائی بہتر انداز میں واپس لانے کا موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچز 6 دسمبر تک جاری رہیں گے، جس کے بعد دونوں ٹیمیں پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلیں گی۔