نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم اُمہ کو درپیش سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد اور یکجہتی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے، ایسے میں مسلم دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا۔
گلگت بلتستان اسمبلی تحلیل، جسٹس ریٹائرڈ یار محمد نگران وزیراعلیٰ مقرر
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وہ ہفتہ کو ہونے والے بین الاقوامی قرات مقابلے کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے غزہ، مقبوضہ کشمیر، لبنان، عراق، شام اور ایران و قطر پر حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا اس وقت سنگین مسائل اور کثیر الجہتی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔
اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ مسلم اُمہ مشترکہ عقائد اور ایمان کی بنیاد پر جڑی ہوئی ہے، اس لیے علمائے کرام کو چاہیے کہ اتحاد و یکجہتی کا درس دیں کیونکہ یہی موجودہ بحرانوں کا بہترین حل ہے۔ انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “متحد رہیں، اللہ نے اُمہ کو بے پناہ وسائل سے نوازا ہے، کوئی طاقت ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتی۔”
انہوں نے کہا کہ اسلام دہشت گردی اور انتہاپسندی کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف اور ایک جان بچانا پوری انسانیت بچانے کے برابر ہے۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ 2013 سے 2017 تک نواز شریف کی قیادت میں ملک میں دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں، تاہم 2018 کے بعد ہونے والی غلطیوں کے باعث 2021 سے 2025 تک ہزاروں فوجیوں نے قربانیاں دیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے واضح عزم کے ساتھ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ایک بار پھر اولین ترجیح ہے۔
وزیر خارجہ نے عالمی شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے اعلان کیا کہ بین الاقوامی قرات مقابلہ ہر سال منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کریں اور ہمدردی، محبت، انسانیت، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے اوصاف اپنا کر اُمہ کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں۔