2050 تک کراچی دنیا کے پانچ بڑے شہروں میں شامل ہوسکتا ہے، اقوامِ متحدہ کی رپورٹ

59 / 100 SEO Score

کراچی: اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق کراچی 2025 سے 2030 کے درمیان دنیا کے 10 بڑے شہروں میں شامل ہو جائے گا، جبکہ تیز آبادی کے اضافے کے باعث 2050 تک یہ شہر دنیا کے پانچ بڑے میگا سٹیز کی فہرست میں جگہ بنا سکتا ہے۔

آئی ایم ایف کی گورننس و کرپشن اسیسمنٹ رپورٹ جاری: پاکستان میں نظامی کمزوریاں بدعنوانی کا بڑا سبب، 15 نکاتی اصلاحاتی ایجنڈا فوری نافذ کرنے کی سفارش

ڈان کی رپورٹ کے مطابق ’ورلڈ اربنائزیشن پروسپیکٹس 2025‘ کی ابتدائی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ اگر موجودہ شرح برقرار رہی تو کراچی کی آبادی 2050 تک تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ تک پہنچ جائے گی، جس کے بعد یہ شہر قاہرہ، ٹوکیو، چین کے گوانگزو، فلپائن کے منیلا اور بھارت کے کولکتہ کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1975 میں دنیا میں صرف 8 بڑے شہر موجود تھے، جو 2025 تک بڑھ کر 33 ہو چکے ہیں، جن میں سے 19 ایشیا میں واقع ہیں۔ اندازوں کے مطابق 2050 تک دنیا میں میگا سٹیز کی تعداد 37 تک پہنچ جائے گی۔
رپورٹ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ تیزی سے ترقی کرنے والا شہر ڈھاکا 2050 کے قریب دنیا کا سب سے بڑا شہر بن سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق ٹوکیو کی آبادی میں کمی کے باعث اس کی عالمی درجہ بندی 2025 میں تیسرے نمبر سے گر کر 2050 میں ساتویں نمبر پر آ جائے گی، جب کہ اس کی آبادی تقریباً 3 کروڑ 10 لاکھ رہ جائے گی۔

دنیا کے کئی بڑے اور گنجان آباد شہروں میں فی مربع کلومیٹر آبادی 20 ہزار سے زائد ہے، جبکہ کراچی سمیت متعدد شہروں میں یہ دباؤ 25 ہزار افراد فی مربع کلومیٹر تک پہنچ چکا ہے، جو انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات پر بڑھتا ہوا بوجھ ظاہر کرتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی دیہی آبادی 2040 کی دہائی میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد بتدریج کم ہوتی جائے گی۔ بھارت اور چین 2050 تک دنیا کے سب سے زیادہ شہری آبادی رکھنے والے ممالک بنے رہیں گے۔

اعدادوشمار کے مطابق 2000 سے 2025 کے دوران دنیا کی شہری آبادی میں 1.25 ارب افراد کا اضافہ ہوا، جس میں سے نصف سے زیادہ اضافہ بھارت، چین، نائیجیریا، پاکستان اور امریکا کی وجہ سے ہوا۔
آج دنیا کی 8.2 ارب آبادی کا 45 فیصد شہروں میں رہائش پذیر ہے، جو 1950 کے مقابلے میں دگنے سے بھی زیادہ ہے، جب صرف 20 فیصد آبادی شہری علاقوں میں رہتی تھی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2015 سے 2025 کے درمیان دنیا کے 3 ہزار سے زیادہ شہروں میں آبادی میں کمی واقع ہوئی ہے، جو عالمی شہری آبادی کے رجحانات میں اہم تبدیلیوں کی نشاندہی کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے