اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) میں پاکستان کی سفیر اور معروف اداکارہ صبا قمر نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان میں بچوں کے حقوق سے متعلق خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ محفوظ ماحول میں پروان چڑھے، صحت مند زندگی گزارے اور اپنے مستقبل کے فیصلوں میں رائے دے سکے۔
ویڈیو میں صبا قمر نے یونیسف کی نیلے رنگ کی شرٹ پہن رکھی تھی، جو عالمی یومِ اطفال کا علامتی رنگ ہے اور دنیا بھر میں بچوں کے حقوق کے لیے یکجہتی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو ان کے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں شامل کرنا ایک بنیادی حق ہے، جسے تسلیم اور محفوظ کیا جانا چاہیے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کم سن بچیوں کی شادیوں کے واقعات تشویشناک حد تک زیادہ ہیں۔ ملک میں 1 کروڑ 90 لاکھ سے زائد لڑکیوں کی کم عمری میں شادیاں ہو چکی ہیں، جس کے ساتھ پاکستان دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ نوجوان لڑکیوں میں سے نصف سے زیادہ 18 سال کی عمر تک پہنچنے سے قبل حاملہ ہو جاتی ہیں، جو ماں اور بچے دونوں کی صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بنتا ہے۔
یاد رہے کہ یونیسف نے 2024 میں صبا قمر کو پاکستان کا پہلا قومی سفیر مقرر کیا تھا۔ یہ اعلان بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے کیا گیا تھا، تاکہ لڑکیوں کے حقوق، ان کے تحفظ اور دنیا بھر میں درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا جا سکے۔
بطور سفیر صبا قمر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ہر فورم پر بچوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں گی اور اس مشن کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گی۔