کراچی / وزیراعلیٰ ہاؤس / پیر، 10 نومبر 2025ء (18 جمادی الاوّل 1447ھ) — وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کے فور پروجیکٹ کراچی کے طویل المدتی پانی کے مسائل کے حل کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔ سندھ حکومت کا اولین مقصد کراچی کے عوام کو صاف اور وافر پانی فراہم کرنا ہے۔
تھانہ جوہی کی حدود میں پولیس مقابلہ، خطرناک ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کے فور منصوبے کے تحت یونیورسٹی روڈ پر پانی کی لائن بچھانے کا کام آج سے شروع کردیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک تقریباً 300 میٹر کا حصہ بند کیا گیا ہے، جہاں تعمیراتی کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ عزیز بھٹی پارک سے حسن اسکوائر تک 9.6 اور 7.2 فٹ قطر کی لائن بچھائی جا رہی ہے، جو مستقبل میں شہر کی بڑھتی ہوئی پانی کی ضرورت کو پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اسی علاقے میں ریڈ لائن منصوبہ بھی زیرِ عمل ہے، اس لیے پانی کی لائن ایڈوانس میں بچھائی جا رہی ہے تاکہ بعد میں سڑک کو دوبارہ نہ کھودنا پڑے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ لائن بحریہ ٹاؤن میں بننے والے واٹر فلٹریشن پلانٹ سے گل بائی تک جائے گی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک سڑک بند ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی کچھ متاثر ہوگی، تاہم شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متبادل راستوں پر سفر کرتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کریں۔
مراد علی شاہ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ صبح اور شام کے اوقات میں خصوصی انتظامات کیے جائیں اور عملہ تعینات کر کے شہریوں کی رہنمائی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ “کام کے دوران شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات عارضی ہیں مگر نتائج دیرپا ہوں گے۔ کے فور منصوبہ کراچی کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے اور اسے مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا۔”
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت شہر کراچی کو ایک جدید، سہولیات سے آراستہ اور پائیدار شہری ماڈل بنانے کے لیے پرعزم ہے۔