کراچی پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق شہر بھر میں پولیس اور ملزمان کے درمیان 20 مقابلے ہوئے، جن میں ایک ڈکیت ہلاک جبکہ 20 زخمی ڈاکوؤں سمیت 28 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر 928 سے زائد ملزمان کو مختلف الزامات میں گرفتار کیا گیا، جن میں منشیات فروشی، ڈکیتی، چوری اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے کیسز شامل ہیں۔
منشیات فروشی میں ملوث افراد سے لاکھوں روپے مالیت کی 20 کلو 228 گرام چرس، آئس، کرسٹل اور ہیروئن برآمد کی گئی، جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 113 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
پولیس نے ایک ہفتے کے دوران 30 موٹر سائیکلیں اور ایک کرولا کار بھی تحویل میں لی، جو مختلف جرائم میں استعمال کی جا رہی تھیں۔
تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔