نئی دہلی: بھارتی وزارتِ کھیل نے اعلان کیا ہے کہ اب پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی نیوٹرل مقام پر بھی دو طرفہ کھیلوں کے مقابلے نہیں ہوں گے۔ تاہم وزارت کے مطابق بھارت کی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایشیا کپ 2025 میں شرکت کرے گی۔
ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک یو اے ای میں کھیلا جائے گا، جس میں 8 ایشیائی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ پاک-بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے۔
بھارتی نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق نئی پالیسی کا اطلاق فوری طور پر ہوگیا ہے، جس کے تحت بھارتی کھلاڑی پاکستان نہیں جائیں گے اور پاکستانی کھلاڑی بھی بھارت نہیں آ سکیں گے۔ تاہم کثیر الملکی یا بین الاقوامی ایونٹس میں بھارتی ٹیموں کی شرکت کا فیصلہ کیس ٹو کیس بنیاد پر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث کئی برسوں سے دو طرفہ سیریز معطل ہیں۔ 2023 کے ایشیا کپ کو بھی "ہائبرڈ ماڈل” کے تحت پاکستان اور سری لنکا میں منعقد کیا گیا تھا کیونکہ بھارتی ٹیم نے پاکستان جانے سے انکار کیا تھا۔ اسی طرح بھارت نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے بھی انکار کردیا، جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دسمبر 2024 میں ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دی۔
ادھر پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے گزشتہ ماہ قومی فیڈریشنز کو ہدایت دی تھی کہ بھارت میں ہونے والے کسی بھی ایونٹ میں شرکت سے پہلے سیکیورٹی خدشات کے تحت پیشگی مشاورت اور منظوری لازمی ہوگی۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی کی کوششوں سے ایشیا کپ 2025 بھارت سے نکال کر یو اے ای منتقل کردیا گیا ہے تاکہ ایونٹ بروقت اور کامیابی سے منعقد ہوسکے۔